جمعہ 13 نومبر 2026 - 23:38
سیرتِ فاطمہ زہراؑ؛ محورِ معارفِ الٰہی اور گہوارۂ تربیت

حوزہ/حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، مرسلِ اعظم، خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ملیکۃ العرب، اُمّ المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی لختِ جگر اور تاریخِ اسلام کی عظیم ترین خواتین میں سب سے افضل اور عظیم المرتبت خاتون ہیں۔

تحریر: مولانا سید قمر عباس قنبر نقوی

حوزہ نیوز ایجنسی| حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، مرسلِ اعظم، خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ملیکۃ العرب، اُمّ المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰ سلام اللہ علیہا کی لختِ جگر اور تاریخِ اسلام کی عظیم ترین خواتین میں سب سے افضل اور عظیم المرتبت خاتون ہیں۔

امیرالمؤمنین حضرت علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام کی زوجہ، حضرت فاطمہؑ کے مشہور القاب میں زہرا، بتول، صدیقہ، طاہرہ، زکیہ، راضیہ، مرضیہ، محدثہ، مبارکہ اور سیدۃ نساء العالمین شامل ہیں۔ امام حسن و امام حسین علیہما السلام، شہزادیاںِ عصمت حضرت زینب و ام کلثوم اور شہیدِ بطنِ زہرا حضرت محسن کی مادرِ گرامی کو کارِ رسالت میں معاون و مددگار رہنے کے سبب حضرت فاطمہ زہراؑ کو رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ’’اُمّ ابیہا‘‘ کے لقب سے پکارتے تھے۔

حضرت فاطمہ زہراؑ کے امتیازات اور طرزِ زندگی کی چند جھلکیاں

انسانی معاشرے میں عورت کی تین حیثیتیں پائی جاتی ہیں: بیٹی، بیوی اور ماں۔ ان تینوں حیثیتوں میں حضرت فاطمہ زہراؑ کا وہ بلند مقام ہے جو نہ آپؑ سے قبل اور نہ آپؑ کے بعد کسی خاتون کو حاصل ہو سکا۔ حضور سرورِ کائنات اپنی بیٹی کو دیکھ کر تعظیماً کھڑے ہو جاتے تھے۔ یہ عمل محض بیٹی سے محبت کا اظہار نہیں تھا، ورنہ یہ آپؐ کی عام سنت بن جاتا، بلکہ یہ بی بی فاطمہؑ کی عظمت و حرمت کا اعلان تھا۔ جنابِ فاطمہؑ صرف ایک مثالی بیٹی ہی نہیں، بلکہ ایک مثالی بیوی، مثالی ماں اور اس سے بڑھ کر ایک مثالی خاتون ہیں۔

ایک مرتبہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنی بیٹی حضرت فاطمہؑ کے گھر تشریف لائے اور فرمایا: ’’بیٹی! میرا ایک نابینا صحابی ہے، وہ بھی تمہارے گھر آنا چاہتا ہے۔‘‘ بی بی فاطمہؑ نے ان کے لیے پردے کا اہتمام کیا۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےفرمایا ’’بیٹی! تم نے خود کو پردے میں کیوں کر لیا؟ یہ تو نابینا ہیں، تمہیں دیکھ نہیں سکتے۔‘‘ بی بیؑ نے جواب دیا: ’’بابا! اگرچہ وہ مجھے نہیں دیکھ سکتے، لیکن میں تو انہیں دیکھ سکتی ہوں اور وہ ایک خاتون کی خوشبو کو محسوس تو کر سکتے ہیں۔‘‘ حضرت رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’بیٹی! میں گواہی دیتا ہوں کہ تو میرا ٹکڑا ہے۔‘‘

امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ ایک موقع پر حضرت رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دخترِ رسول اللہؑ نے فرمایا کہ خواتین کے لیے بہترین بات یہ ہے کہ (ضرورت کے بغیر) نہ وہ نامحرم مردوں کو دیکھیں اور نہ نامحرم مرد انہیں دیکھیں۔ اس پر آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: ’’بے شک فاطمہ میرا ٹکڑا ہے۔‘‘

حضرت پیغمبرِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بڑے نواسے حضرت امام حسن علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میں اپنی مادرِ گرامی کو شب کی عبادت میں مسلسل رکوع و سجود میں مشغول دیکھتا تھا۔ آپؑ دوسروں کے لیے بارگاہِ خداوندی میں گڑگڑا کر دعا کرتیں اور ان کے لیے کثرت سے استغفار کرتیں۔ میں نے عرض کیا: ’’اے مادرِ گرامی! جس طرح آپ دوسروں کے لیے دعا و استغفار کر رہی ہیں، اپنے لیے کیوں نہیں کرتیں؟‘‘ فرمایا: ’’بیٹا! اپنے سے پہلے پڑوسی کا حق ہے۔‘‘

حضرت سرورِ کائنات نے بیٹی کو گھر کے کام کرنے کے لیے خادمہ فضہ عنایت فرمائی۔ شہزادیِ کونین کا اپنی کنیز کے ساتھ برتاؤ یہ تھا کہ ایک دن گھر کا سارا کام خود کرتیں اور دوسرے دن کنیز سے کرواتیں، تاکہ تعلیماتِ اسلامی کے مطابق کنیز کو احساسِ کمتری نہ ہونے پائے۔ آپؑ نے کنیز کو اس قدر علم و فضل سے آراستہ کر دیا کہ کنیز فضہ نے بیس سال تک آیاتِ قرآنی کے علاوہ کوئی کلام نہیں کیا۔

حضرت فاطمہ زہراؑ نے ابتدائی زندگی کے ایام شعبِ ابی طالب میں مشرکینِ مکہ کی جانب سے دی جانے والی مشکل ترین اذیتیں برداشت کیں۔ اس دور میں جنابِ فاطمہؑ نے کم سنی کے باوجود اپنے والدین سے کبھی شکوہ نہیں کیا اور زمانے والوں کو یہ پیغام دیا کہ والدین سے کوئی ایسا تقاضا نہ کریں جو ان کے لیے باعثِ تکلیف ہو۔ شہزادیِ کونینؑ نے پوری زندگی دینِ خدا کے لیے ایثار و قربانی اور توکل علی اللہ کا اعلیٰ نمونہ پیش کیا۔آخری ایامِ حیات میں بابا، حضرت رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی وفات کے بعد شہزادیِ کونینؑ کی زندگی کس انداز میں گزری، اس کا اندازہ خود بی بیؑ کے اس مرثیے سے لگایا جا سکتا ہے:’’صُبَّتْ عَلَيَّ مَصَائِبُ لَوْ أَنَّهَا صُبَّتْ عَلَى الْأَيَّامِ صِرْنَ لَيَالِيَا‘‘

’’مجھ پر ایسی مصیبتیں ٹوٹیں کہ اگر وہ روشن دنوں پر پڑتیں تو وہ تاریک راتوں میں تبدیل ہو جاتے!‘‘

مقام و فضیلت

امام خمینیؒ رضوان اللہ علیہ فرماتے ہیں:’’حضرت فاطمہ زہراؑ وہ خاتون ہیں جو خاندانِ وحی کے لیے باعثِ افتخار ہیں اور دینِ اسلام کی پیشانی پر ایک سورج کی طرح چمک رہی ہیں۔ آپؑ کے فضائل، پیغمبرِ اکرمؐ اور خاندانِ عصمت و طہارتؑ کے بے پایاں فضائل کے ہم پلہ ہیں۔‘‘

حجۃ الاسلام والمسلمین استاد علوی تہرانی فرماتے ہیں کہ حضرت فاطمہ زہراؑ وہ عظیم المرتبت شخصیت ہیں جن کا تعارف کراتے ہوئے حضرت امامِ زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف فرماتے ہیں کہ دخترِ حضرت پیغمبرِ اکرمؐ، فاطمہ زہراؑ، میرے لیے بہترین نمونۂ عمل ہیں۔ امامِ زمانہؑ اس فرمان کے ذریعے تمام افراد کو تاکید فرما رہے ہیں کہ لوگو! حضرت فاطمہ زہراؑ سے اپنا تعلق مضبوط رکھو اور انہیں اپنے لیے نمونۂ عمل بناؤ۔

اپنی بیٹیوں کے نام فاطمہ رکھیں!

مفسرِ قرآن، معروف عالمِ دین اور خطیب آیت اللہ شیخ محسن قرائتی فرماتے ہیں:’’اپنی بیٹیوں کے نام فاطمہ رکھیں۔ مجھے اُن لوگوں پر افسوس ہوتا ہے جو اپنی بیٹیوں کے نام فاطمہ یا زہرا نہیں رکھتے۔ اپنے گھروں میں فاطمہ، فاطمہ پکاریں۔ دن میں کم از کم دو بار فاطمہ پکاریں۔ کاش ہمارا رسول اللہؐ کے ساتھ رابطہ مضبوط ہوتا۔ ہماری نمازیں تو رسول اللہؐ جیسی نہیں ہو سکتیں، روزوں کا تو ذکر ہی کیا! قرآن کی تلاوت، فراخ دلی، زوجین کے حقوق کی ادائیگی، تربیت، شفقت اور میدانِ جہاد میں ہماری کارکردگی، یہ سب آنحضرتؐ جیسی نہیں ہو سکتی۔ اس لیے حضرت فاطمہ زہراؑ سے محبت اور معرفت میں اضافہ کریں۔‘‘

عزیز خواتین! تمام تر وسائل کے باوجود جسے اطمینان و سکون کی کیفیت درکار ہو، اس کے لیے واحد نسخہ سیرتِ فاطمۃ الزہراؑ سے استفادہ ہے۔

*کنیزانِ زہراؑ*! دخترِ رسولِ اعظمؐ کی حیاتِ طیبہ اور آپؑ کی تعلیمات کو صرف پڑھنے، سننے اور دینی مراکز و دینی کتب تک محدود نہ رکھیں، بلکہ کوشش کریں کہ ہماری زندگی میں بھی ان تعلیمات اور طرزِ زندگی کی جھلک نظر آئے۔

خواتین یاد رکھیں کہ دینِ اسلام نے عورتوں کو رفعت و سربلندی عطا کی، ورنہ اسلام سے پہلے عورت کی کوئی حیثیت نہ تھی۔ وہ دنیا کے ہر خطے میں مظلوم تھی اور ہر تہذیب و مذہب نے اسے ذلت کی نگاہ سے دیکھا۔ دینِ اسلام عورت کو پوری اجازت دیتا ہے کہ وہ شریعت کی حدود میں رہ کر خدا کی عطا کردہ تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے علمِ طب، علمِ سائنس، فنونِ لطیفہ، میدانِ تجارت، میدانِ زراعت یا کسی بھی شعبے میں باوقار انداز میں آگے بڑھ سکتی ہے۔

اسلام نے عورت کی عظمت و بلندی کے اپنے اصول و نظریات کو صرف قرآنِ کریم اور ارشاداتِ حضورِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم تک محدود نہیں رکھا، بلکہ دنیا کے سامنے عملی نمونے بھی پیش کیے ہیں۔ اس فہرست میں تاریخِ بشریت کی سب سے عظیم المرتبت شخصیت، سرکارِ دو عالم، خاتم المرسلین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امہات المؤمنین میں اوّل، ملیکۃ العرب حضرت خدیجۃ الکبریٰؑ کی چہیتی بیٹی حضرت فاطمہ زہراؑ کی سیرت مثالی حیثیت کی حامل ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha